کاروار 20؍جون (ایس او نیوز) یہاں کے ملاپورٹاون شپ علاقے میں رہنے والی چار سالہ بچی برنداونی آر ابّی گیری نے بار اسکٹینگ کے کھیل میں شاندارمظاہرہ کرتے ہوئے اپنی شہرت دنیا کے کئی ریکارڈ بکس میں درج کردی ہے۔
140ایم ایم بار کے تحت اسکیٹنگ اور پشنگ میتھڈ میں 500میٹر لِمبو اسکیٹنگ کرتے ہوئے برنداونی نے لمکا بک آف ریکارڈ، انڈین بک آف ریکارڈ ، ایشیئن بک آف ریکارڈاور ریکارڈ ہولڈرس ری پبلک ورلڈ ریکارڈ یونائٹیڈ کنگ ڈم میں اپنا نام درج کروایا ہے۔کائیگا ریسڈنشیل کامپلیکس میں منعقدہ لمبواسکیٹنگ کے موقع پر اس چھوٹی سی بچی نے جس طرح کا شاندار مظاہرہ کیا اسے دیکھ کر سب حیران رہ گئے اور ہر طرف سے اس کی ستائش کی گئی۔ریکارڈ ہولڈرس ری پبلک یونائٹیڈ کنگ ڈم کے نمائندے پرمود روہیا نے اس بچی کو اس کے ریکارڈ داخلے کی سند عطا کی۔اور کہا کہ ان چھوٹے چھوٹے بچوں کو ابھی صحیح انداز میں بات چیت کرنا اور کھانا پینا بھی نہیں آتا ہے مگر یہ بچے جس طرح ورلڈ ریکارڈ بنا رہے ہیں، یہ دیکھ کر فخر محسوس ہوتا ہے۔
کہا جاتا ہے کہ چار سالہ برنداونی گزشتہ تین مہینے سے مسلسل چھ گھنٹے لمبو اسکیٹنگ کی مشق کیا کرتی ہے۔ کائیگا میں جاری اسکیٹنگ کی تربیت میں روزانہ 180 افراد حصہ لے رہے ہیں۔جس میں مرد، عورتیں اور چھوٹے چھوٹے بچے شامل ہیں۔